فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب

"اسلام آباد میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا منظر"

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ محافظینِ حرم کا شرف پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور پاکستان—سعودی دفاعی تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان کے باہمی رشتے کی بنیاد عقیدت، ایمان اور تاریخ کے ایسے مضبوط رشتوں پر ہے جنہوں نے دونوں ممالک کو دہائیوں سے جوڑ رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پوری مسلم دنیا میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا ہے جو صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری امت کی عزت اور ذمہ داری ہے۔ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ نہ صرف خطے کی سلامتی کے لیے اہم سنگِ میل ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کی باہمی اسٹریٹجک اعتماد کی گہرائی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں علم اور قلم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم نے علم کو چھوڑا وہ انتشار، فتنہ اور فساد کا شکار ہوئی، جبکہ عزت، طاقت اور استحکام ہمیشہ محنت، تعلیم اور اتحاد سے حاصل ہوتے ہیں۔

قومی سلامتی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی پاکستان کی پالیسی نہیں بلکہ ہندوستان کا وطیرہ ہے، اور پاک فوج دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر شکست دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے اور کوئی فرد یا گروہ اس اختیار کا استعمال نہیں کر سکتا، لہٰذا مذہب کے نام پر گمراہ کن بیانیے اور پروپیگنڈے سے نوجوانوں کو محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کو اللہ کی نصرت سے کامیابی ملی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا۔ انہوں نے علماء و مشائخ پر زور دیا کہ وہ قوم کو متحد رکھنے، فکری وسعت پیدا کرنے، فرقہ واریت اور نفرت کے خاتمے کے لیے مضبوط کردار ادا کریں تاکہ معاشرہ انتشار کے بجائے اتحاد اور استحکام کی طرف بڑھ سکے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ممتاز مذہبی شخصیات، اسکالرز اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندے شریک ہوئے جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے، قومی اتحاد اور استحکامِ پاکستان کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں