امریکی سکھ وفد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مداح نکلے

امریکی سکھ رہنماؤں کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات، اقدامات کی کھل کر تعریف

یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس مغل سے) امریکی سکھ وفد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مداح نکلے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکا سے تعلق رکھنے والی تنظیم سکھ آف امریکہ کے سات رکنی وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی بانی چیئرمین چند ہوک کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور سکھ وفد کے درمیان پنجابی زبان میں گفتگو ہوئی، جسے باہمی احترام اور قربت کی علامت قرار دیا گیا۔

امریکی سکھ وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ اور کرسمس کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو سراہا۔ وفد نے پنجابی زبان کے فروغ اور صوبے بھر میں پنجابی سائن بورڈز کی تنصیب پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ امریکا سے آئے سکھ بھائیوں سے ملاقات ان کے لیے خوشی اور اعزاز کا باعث ہے، انہوں نے دنیا بھر کی سکھ برادری کا پنجاب اور پاکستان کے لیے محبت اور احترام پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکھ برادری کا پنجاب میں موجود مقدس مقامات سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے ایک اٹوٹ رشتہ ہے، اور بقائے باہمی و مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں سکھ برادری کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سکھ برادری سے اظہارِ تشکر کے طور پر بیساکھی کے موقع پر گوردوارہ کرتارپور کا دورہ کیا گیا، جو دنیا کے لیے پاکستان کے امن کا ناقابلِ تردید پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ ورثے کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری اور فرض ہے، اور صوبے بھر میں 56 تاریخی گوردواروں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی فلاح اور معاشی بحالی کے لیے 75 ہزار اقلیتی کارڈ کا اجرا کیا جا چکا ہے، جس کی تعداد میں آئندہ اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعلیٰ نے سکھ یاتریوں کے لیے سکیورٹی، نقل و حرکت اور دیگر سہولیات کو مثالی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں یومِ پیدائش کی تقریبات کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کی آمد پنجاب کے لیے اعزاز ہے، اور یہ مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ ورثے کی عکاس ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں آنے والے ہر سکھ یاتری کی حفاظت، سہولت اور آسانی حکومت کی ذمہ داری اور خدمت اعزاز ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان آنے والا ہر سکھ یاتری خوشگوار یادیں لے کر واپس جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سکھ میرج ایکٹ نافذ کیا گیا، جس کا مقصد سکھ برادری کی مذہبی شناخت اور روایات کا احترام ہے۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ، سکھ یاتریوں اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خیرمقدم اور پاکستان کو امن و بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں