کسی میں جرات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ہاتھ لگائے،علیمہ خان

"راولپنڈی میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتی ہوئی علیمہ خان"

یوتھ ویژن نیوز : (مبشر بلوچ سے) علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی حق پر کھڑے ہیں، کسی میں جرات نہیں کہ انہیں ہاتھ لگائے، اعتراض کرنے والوں کے بیانات خوف پر مبنی ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی حق پر ڈٹے ہوئے ہیں اور کوئی قوت ان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی کیونکہ وہ اللہ کی حفاظت میں ہیں، جبکہ کسی میں بھی یہ جرات نہیں کہ انہیں ہاتھ لگائے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر بلند آواز میں نعرے لگانے والے لوگ دراصل کمزور ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو مہینے میں انہیں بشریٰ بی بی سے صرف چالیس منٹ اور بانی پی ٹی آئی سے ایک گھنٹہ ملاقات کرنے کی اجازت ملی ہے، جبکہ واٹر کینن کے حملوں سے ان کی بہنوں کے پاؤں زخمی ہوئے۔

علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ جو لوگ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بول رہے ہیں ان کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے اور وہ خوفزدہ ہو کر بیانات دے رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس چھپنے کی جگہ نہیں رہی۔ علیمہ خان نے کہا کہ رات ڈھائی بجے 9 ڈگری کی سردی میں تین بار پانی کی بوچھاڑوں کا سامنا کیا گیا۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ جو لوگ سوال اٹھاتے ہیں کہ خواتین رات گئے جیل کے باہر کیوں تھیں، انہیں شرم آنی چاہیے کیونکہ وہ اپنے حق کے لیے بیٹھی تھیں، جبکہ مخصوص کاروباری گروہ معدنیات، چینی اور گندم کی امپورٹ و ایکسپورٹ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عوام ان کے رحم و کرم پر ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ کچھ اینکرز ٹی وی پر بیٹھ کر ان کے بارے میں سزا کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں مگر آئین انہیں اظہارِ رائے کی مکمل اجازت دیتا ہے، اگر گولیاں بھی چلیں تو وہ شہادت سے نہیں ڈریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو خود ملک سے غداری کر رہے ہیں وہ دوسروں کو غدار کہتے ہیں، اور اگر وہ ہمیں غدار کہتے ہیں تو یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے پاکستان کی عزت دنیا بھر میں بلند ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں