میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، 170 ملازمین برطرف کرنے والے چینل کے اشتہارات بند: عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (یوتھ ویژن نیوز) – وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور صحافیوں کے مسائل اتحادیوں اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 170 ملازمین کو برطرف کرنے والے ٹی وی چینل کے اشتہارات فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں صحافیوں کے واک آؤٹ پر شازیہ مری کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وفاقی وزیر نے یہ اعلان کیا۔
میڈیا چینلز کو مالی استحکام فراہم کرنے کی کوششیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں میڈیا چینلز کے لیے سہولیات پیدا کرنے اور انہیں مالی استحکام فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن سے معاملہ اٹھایا جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن (PBA) سے صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا جائے گا، اور ملازمت کی حفاظت اور مراعات کے حوالے سے طے پانے والے معاملات کو عملی شکل دی جائے گی۔
برطرف صحافیوں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے واک آؤٹ کرنے والے صحافیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برطرف کیے جانے والے صحافیوں کی فہرست تیار کر لی جائے، کیونکہ بہت سے اداروں کو ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے۔
تنخواہیں ادا نہ کرنے والے چینل کی انتظامیہ طلب
وفاقی وزیر نے پریس گیلری کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ 170 ملازمین برطرف کرنے والے چینل کے اشتہارات فوری طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ٹی وی چینل نے تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں، جس کی انتظامیہ کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے تاکہ معاملہ حل کیا جا سکے۔
واک آؤٹ ختم کرانے والوں کا شکریہ
وفاقی وزیر اطلاعات نے واک آؤٹ ختم کرانے میں شازیہ مری، سحر کامران، عابد شیر علی اور سینیٹر ناصر بٹ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔