پاکستان میں ڈیجیٹل ویزا نظام کا آغاز، 192 ممالک کیلئے آن لائن ویزا سہولت
یوتھ ویژن نیوز : (کامران قذافی سے) پاکستان نے 192 ممالک کیلئے آن لائن ویزا اور 192 ممالک کیلئے ویزا آن ارائیول کی سہولت متعارف کرا دی، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم قدم۔
اسلام آباد: پاکستان نے غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کیلئے سفری سہولتوں میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے 192 ممالک کے شہریوں کیلئے آن لائن ویزا جبکہ 192 ممالک کیلئے ویزا آن ارائیول کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کو سیاحت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے سسٹین ایبل ٹورزم فورم اینڈ ایکسپو سے خطاب کے دوران کیا۔ یہ فورم فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور اسلامک چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
ڈیجیٹل ویزا سہولت میں بڑی پیش رفت
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل ویزا سسٹم کے تحت غیر ملکی شہری اب پاکستان کے ویزے کیلئے مکمل طور پر آن لائن درخواست دے سکیں گے، جس کیلئے کسی سفارت خانے یا قونصل خانے کے دورے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق یہ نظام نہ صرف وقت کی بچت کرے گا بلکہ شفافیت اور سہولت کو بھی یقینی بنائے گا۔
قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ اصلاحات بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے تک رسائی کو مزید آسان بنائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن
ویزا پروگرام پاکستان کے وسیع تر اقتصادی اور سیاحتی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق سیاحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں بہتری لانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اس موقع پر FPCCI کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی اور ثقافتی تنوع اسے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک منفرد ملک بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سیکیورٹی صورتحال اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ساتھ پاکستان ایڈونچر، ہیریٹیج اور ایکو ٹورزم کے شعبوں میں بین الاقوامی سیاحوں، کاروباری مسافروں اور سرمایہ کاروں کو مؤثر طور پر راغب کر سکتا ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ویزا سہولتوں میں آسانی سے پاکستان کا مثبت عالمی تشخص اجاگر ہوگا اور ملک بین الاقوامی سطح پر ایک دوستانہ اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں منزل کے طور پر ابھرے گا۔