54 فیصد ترقیاتی فنڈز استعمال کر لئے، اگلے سال پھر ریکارڈ ترقیاتی بجٹ دیں گے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار


لاہور:(مبشر بلوچ سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس منعقد ہوا۔ راولپنڈی ڈویژن کے وزراء اور ارکان اسمبلی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبو ں کے بارے میں تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی تجاویز اور سفارشات کو خود نوٹ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اتنے کام کئے ہیں کہ بتانے کیلئے بہت سا وقت درکار ہوگا۔پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور پنجاب نے 54 فیصد ترقیاتی فنڈ استعمال کرکے باقی صوبوں کی نسبت ریکارڈ قائم کیا۔ اب پیچھے نہیں رہیں گے، اگلے سال پھر ریکارڈ ترقیاتی بجٹ دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہر ڈویژن میں جا کر عوامی نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔راولپنڈی کے عوامی نمائندوں نے ہمیشہ غیر مشروط حمایت سے نوازا۔بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور قابل اعتماد لوگوں کو سامنے لائیں گے۔لوکل گورنمنٹ کے امیدواروں کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ کا ایک ایک میگا پراجیکٹ یاد ہے، خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔پنجاب میں 23 نئے ہسپتال، 158 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی گئی۔جہاں وسائل کی کمی ہوگی اسے پورا کریں گے۔ 12 نئی یونیورسٹیوں کا چارٹر فائنل ہو چکا ہے، جلد منظوری کیلئے پیش کریں گے۔5 نئے ڈیم بنا رہے ہیں جن کی گنجائش ماضی میں بنے ہوئے 58 ڈیموں سے بھی زیادہ ہوگی۔جلال پور ایریگیشن پراجیکٹ مکمل ہونے سے علاقے میں زرعی انقلاب آئے گا۔مری میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، سیف سٹی پراجیکٹ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کا احساس ہے، مزدور کارڈ اور کسان کارڈ بھی دیں گے۔صوبے بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ڈویلپمنٹ پروفائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 207 ارب روپے سے 3631 جاری اور نئے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔راولپنڈی ڈویژن میں اے ڈی پی کے 765 اور سی ڈی پی کے 851 منصوبے شامل ہیں۔راولپنڈی ڈویژن میں آر اے پی کے 22 اور ایس اے پی کے 1993 ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں۔ کمشنر نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ ٹریفک کے مسائل حل کرے گا۔لئی ایکسپریس وے اور فلڈ چینل کا منصوبہ 30 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔اٹک اور چکوال میں نئی یونیورسٹیاں بنائیں گے۔راولپنڈی میں 3 پارکنگ کم کمرشل پلازے بنائے جائیں گے۔ آر پی او راولپنڈی نے امن و امان اور دیگر سکیورٹی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مری میں نیا سب ڈویژن قائم کر دیا ہے۔ مری کے 2 تھانے جلد فعال کر دیئے جائیں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، صوبائی وزراء راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، ملک انور، راجہ راشد حفیظ، یاسر ہمایوں، یاور بخاری، راولپنڈی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور خواتین ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ ٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں