ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان نیشنل سیکیورٹی کونسل کی پریس ریلیز کی توثیق ہے، فواد چودھری
اسلام آباد:(یاسر ملک سے ) پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان نیشنل سیکیورٹی کونسل کی پریس ریلیز کی ہی توثیق ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی کونسل نے کہا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں بیرونی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ لفظ سازش استعمال نہیں ہوا، اب اہم ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنے جو اس مداخلت کی تحقیقات کرے۔
فواد چودھری نے کہا کہ کمیشن معلوم کرے کہ یہ مداخلت کہاں سے ہوئی؟ اس مداخلت کے کردار کون تھے؟ کون کون کہاں ملاقاتوں میں شامل ہوا اور مداخلت کی نوعیت کیا تھی؟
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ کیا شہباز شریف بیرونی مداخلت کے نتیجے میں وزیر اعظم کی کرسی پر بٹھائے گئے؟
سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ معلوم کیا جائے کہ لوکل ہینڈلرزکون تھے؟ یہ تمام سوال ایک طاقتور جوڈیشل کمیشن کے سامنے آنے چاہئیں جو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردے۔