پاکستان کا بڑا انکشاف!افغان طالبان عالمی خطرہ بن چکے: ترجمان پاک فوج

“ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری ملکی سلامتی پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے”

یوتھ ویژن نیوز: پاک فوج نے انکشاف کیا کہ افغان طالبان دہشتگردوں کی سہولت کاری کر رہے ہیں، خطے اور دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ 67023 آپریشنز میں 1873 دہشتگرد ہلاک۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ افغان طالبان دہشت گردوں کی دراندازی اور کارروائیوں میں مکمل سہولت کاری کر رہے ہیں جس کے باعث وہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کی صورتحال ترجمان نے بتایا کہ 4 نومبر 2025 سے اب تک 4910 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ رواں سال مجموعی طور پر 67023 آپریشنز میں 1873 دہشتگرد مارے گئے جن میں 136 افغان شامل تھے۔

بارڈر مینجمنٹ چیلنجز انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد انتہائی دشوار گزار ہے، 1229 کلومیٹر طویل بارڈر پر 20 کراسنگ پوائنٹس ہیں اور افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں، اسمگلنگ اور بارڈر کراسنگ کی کھلی سہولت کاری صورتحال کو پیچیدہ بنا رہی ہے۔ طالبان رجیم کا دوہرا معیار احمد شریف چودھری نے واضح کیا کہ افغان طالبان فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو “مہمان” قرار دے کر تحفظ دے رہے ہیں، جبکہ انہی گروہوں کے مراکز، اسلحہ اور فنڈنگ افغانستان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدے پر عمل نہ ہونا پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے۔ داخلی سیکیورٹی اور سیاسی بیانیہ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مخالف سوشل میڈیا نیٹ ورکس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں جبکہ بھارت میں “خود فریبی” پر مبنی جنگی جنون علاقائی امن کے لیے نقصان دہ ہے۔ بلوچستان و کے پی میں صورتحال انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عمل جاری ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں گورننس کمزور ہے۔ ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں کمی کے بعد دہشتگردی کی فنڈنگ محدود ہوئی ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ افغان رجیم ایک ریاست کی مانند ذمہ دارانہ کردار ادا کرے ورنہ خطہ مسلسل خطرات کا شکار رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں