وزیراعظم کی NA-129 ضمنی انتخاب میں حافظ نعمان کی کامیابی پر مبارکباد
یوتھ ویژن نیوز: (ثاقب ابراہیم سے) وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ NA-129 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ محمد نعمان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح قائد میاں نواز شریف کے ویژن، ان کی قیادت اور پارٹی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسے جماعت کیلئے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی خدمت اور ترقیاتی ایجنڈے پر عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق حلقے کے ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اپنے اعتماد کا واضح اظہار کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حافظ محمد نعمان عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنے حلقے کی ترجمانی اور خدمات کیلئے بھرپور محنت کریں گے۔ وزیراعظم کے مطابق یہ جیت حکومت کی پالیسیوں اور عوامی خدمت کے تسلسل کی توثیق ہے۔