وزیراعظم کا ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کا حکم

“وزیراعظم شہباز شریف برآمدات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے”

وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ—ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت

یوتھ ویژن نیوز: (واصب ابراہیم سے) اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں برآمدات کے فروغ سے متعلق ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان پر عائد ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوراً ختم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے گزشتہ پانچ سال کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا حکم بھی دیا اور فنڈ کے مؤثر استعمال کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کی تقرری کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ EDF کی رقم صرف برآمدات، تحقیق و ترقی، ہنر مندی اور عالمی معیار کی سہولتوں کے لیے استعمال کی جائے، جبکہ غیر متعلقہ استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔

اجلاس میں EDF کے تحت جاری تمام پروگراموں اور اسکیمز کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے TDAP کی اصلاحات اور ادارے کی تشکیل نو کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی تشہیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں وزراء، چیئرمین SIFC اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ورکنگ گروپ کی سفارشات کو سراہا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں