وزیراعظم شہباز شریف کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہونے پر مبارکباد، ملکی دفاع کے مضبوط نئے دور کا آغاز

“وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تقرری پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی قیادت کو ملکی دفاع کے نئے دور کی علامت قرار دیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل 57 سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقرری پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک نئے تاریخی دور کے آغاز کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی یہ ذمہ داری نہ صرف عصری اور جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق ہے بلکہ اس سے دفاعی ڈھانچے میں مزید بہتری آئے گی اور پاکستان کی سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت اور جرأت نے ہمیشہ پاکستان کی بہادر افواج کو فتوحات کی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ہماری مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے جس بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافے کا سبب بنا اور ثابت کیا کہ ہماری افواج ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابیاں نہ صرف عسکری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر لکھی جائیں گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوں گی۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات میں امن کی بحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع پر بھی مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے معرکہء حق کے دوران جو شاندار پیشہ ورانہ مہارت دکھائی، وہ دنیا بھر میں ایک مثال کے طور پر دیکھی گئی۔ وزیراعظم کے مطابق دشمن کے جنگی طیاروں کو نشانہ بنا کر پاک فضائیہ نے نہ صرف اپنی برتری ثابت کی بلکہ خطے میں امن اور ملکی وقار کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فضائیہ کی حالیہ کامیابیاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مضبوط قیادت اور پیشہ ورانہ بصیرت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فضائیہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان کے تمام ادارے ملکی دفاع، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کو مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ریاست کے تمام ستون ایک پیج پر ہیں اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح رہے گی۔

وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج آئندہ بھی مادرِ وطن کے دفاع، علاقائی سلامتی اور عالمی امن کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے اور پاکستان کی عزت، بقا اور سلامتی کے لیے کیے گئے ہر فیصلے میں پوری قوم متحد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں