وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے بحرین پہنچ گئے
یوتھ ویژن نیوز: (ثاقب ابراہیم سے) وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے، جہاں انہوں نے القُضَیبیہ پیلس میں بحرینی قیادت کے ساتھ وفود کی سطح پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، سفارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور خطے میں مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ منامہ ایئرپورٹ پر ولی عہد و وزیراعظم سلمان بن حماد آل خلیفہ، ڈپٹی وزیراعظم خالد بن عبداللہ آل خلیفہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ محل آمد پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت دیگر اہم حکام شامل ہیں۔ دورے سے توقع ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور علاقائی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔