منظور وسان کی آصف زرداری، عمران خان اور الیکشن سے متعلق نئی پیش گوئی
کراچی:(مظہر چشتی سے ) مشیر زراعت سندھ منظور حسین وسان نے آصف علی زرداری، عمران خان اور الیکشن سے متعلق نئی پیش گوئی کردی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر زراعت منظور حسین وسان کا اپنے بیان میں نئی پیشگوئی میں کہنا تھا کہ ایوان صدر میں آصف علی زرداری کو دیکھ رہا ہوں اور عمران خان کا مستقبل بہت خراب نظر آرہا ہے، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ باہر چلے جائیں گے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، صرف طے کرنا ہے کہ انہیں کون کون سی جیل میں رکھنا ہے۔
منظور وسان کا عام انتخابات کے متعلق پیش گوئی میں کہنا تھا کہ الیکشن 6 یا 8 ماہ بعد ہوسکتے ہیں، عام انتخابات فیئر اینڈ فری ہوں گے جو خامیاں ہیں وہ دور کی جائیں گی جو جیت کر آئے گا اسے حکومت میں موقع دیا جائے گا۔
مشیر زراعت کا کہنا تھا کہ ابھی جو عمران خان کے ساتھ ہیں وہ ہوسکتا ہے کہ چھ ماہ بعد نظر بھی نہ آئیں، کون کس میں ملوث تھا کس نے کرپشن کی اب سب سامنے آئےگا؟ عمران خان کو بھی رونا نہیں چاہیے احتساب سب کا ہوگا، احتساب نہیں ہوگا تو ملک نہیں چل سکےگا، احتساب ضروری ہے۔
منظور وسان نے مہنگائی کم ہونے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی میں کمی آجائے گی، عمران حکومت نے مہنگائی پر توجہ نہیں دی تھی۔
رہنما پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی کے جلسوں پر کہنا تھا کہ الیکشن جیتنے کا جلسوں سے اندازہ نہیں لگایا جا تا، جلسہ کرنا اور ہے جب کہ الیکشن جیتنا اور ہے۔