فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی—جعلی پانی کی سیکڑوں بوتلیں پکڑی گئیں، یونٹ سیل اور مقدمہ درج
یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی امجد محمود بھٹی سے) فوڈ اتھارٹی نے بہاولپور میں جعلی پانی کی بوتلیں پکڑ کر 408 لٹر غیر معیاری واٹر ضبط کرلیا، یونٹ سیل جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ درج۔
بہاولپور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے، جہاں فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونیورسٹی چوک بلوچ کالونی میں قائم ایک بیورجز یونٹ پر چھاپہ مار کر جعلی پانی کی بڑی مقدار برآمد کرلی۔ حکام کے مطابق یونٹ میں غیر معیاری اور جعلی لیبلنگ کے ذریعے پیک کی گئی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں جنہیں مارکیٹ میں ڈرنکنگ واٹر کے طور پر سپلائی کیا جانا تھا، جبکہ موقع پر 408 لٹر غیر معیاری پانی بھی ضبط کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے فوری طور پر پروڈکشن یونٹ کو اصلاح تک بند کر دیا اور مالک کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرا دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور جعل سازی میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جبکہ صوبے بھر میں ایسی کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔