سپیکر قومی اسبلی ایاز صادق سے اپوزیشن وفد کی اہم ملاقات
یوتھ ویژن نیوز: (واصب ابراہیم سے) سپیکر ایاز صادق سے اپوزیشن سینیٹرز و اراکینِ اسمبلی کی ملاقات میں بھائی چارہ، رواداری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا۔
اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس، فیصل جاوید، سابق سپیکر اسد قیصر، بیرسٹر گوہر علی خان، اقبال آفریدی، عاطف خان، ڈاکٹر امجد علی خان، سردار لطیف کھوسہ اور محمد جمال احسن خان سمیت اپوزیشن کے دیگر رہنما شریک ہوئے۔
سپیکر نے وفد کو اپنے چیمبر میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سیاست اپنی جگہ مگر آپس کا بھائی چارہ اور رواداری ہمیشہ قائم رہنی چاہیے، کیونکہ سیاسی دورانیہ عارضی ہوتا ہے جبکہ انسانی رشتے پوری زندگی ساتھ چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2014 سے اپوزیشن اراکین سے رابطے میں رہے ہیں اور اُن کے نزدیک تمام قومی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔ ملاقات میں اپوزیشن اراکین نے بھی سپیکر کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور سہولت کاری کو قابلِ ستائش قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ماحول پارلیمانی استحکام میں مثبت کردار ادا کرے گا۔