سمری منظور: فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر—صدر مملکت نے وزیراعظم کی سفارش کی توثیق کردی

asim-munir-appointed-first-chief-of-defense-forces-summary-approved

یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) صدر مملکت نے وزیراعظم کی سفارش پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کرنے کی منظوری دے دی، مدت پانچ سال مقرر۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارسال کی گئی سمری کی منظوری دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بطور چیف آف آرمی اسٹاف برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) تعینات کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وہ آئندہ پانچ برس کے لیے ملک کی اعلیٰ ترین دفاعی ذمہ داریوں کی نگرانی کریں گے۔

اس فیصلے کے ساتھ پاکستان کی عسکری تاریخ میں پہلی بار چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ قائم ہوا ہے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اس نئی پوزیشن پر فائز ہونے والے پہلے سینیئر ترین فوجی افسر بن گئے ہیں۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ چیف آف ائیر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی بھی منظوری دی، جو ان کی موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔ صدر آصف علی زرداری نے آرمی چیف اور چیف آف ائیر اسٹاف دونوں کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کے لیے سمری پر دستخط کیے تھے، جس میں یہ واضح کیا گیا تھا کہ سی ڈی ایف کی مدت پانچ سال ہوگی۔ حکومت کے اس فیصلے کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر فوج، فضائیہ اور متوقع دفاعی ہم آہنگی کے وسیع تر اسٹرکچر کی نگرانی کریں گے، جبکہ دونوں عسکری سربراہان کی مدتِ ملازمت سے متعلق یہ اقدامات اعلیٰ سطحی دفاعی تسلسل اور قومی سلامتی کے معاملات میں استحکام کو یقینی بنانے کا اہم حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں