ریڈیو پاکستان بہاولپور کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ خان ناصر انتقال کر گئے
یوتھ ویژن نیوز : (اٰم ہانی سے) ریڈیو پاکستان بہاولپور کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر نصراللہ خان ناصر انتقال کر گئے۔
بہاولپور: انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ ریڈیو پاکستان بہاولپور کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر، نام ور براڈکاسٹر اور ریڈیو پاکستان کی معتبر آواز پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ خان ناصر دنیا فانی سے رخصت ہو گئے۔
وہ گزشتہ برس صدارتی تمغہ برائے حُسنِ کارکردگی سے نوازے گئے تھے اور اردو و سرائیکی کے ممتاز شاعر، محقق، استاد، ادیب، ارضیات و ابلاغیات کے ماہر اور ایک ہمہ جہت شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ریڈیو پاکستان بہاولپور نے ان کی طویل نشریاتی خدمات، خطۂ بہاولپور کے لیے ان کے لازوال کردار اور علم و فن سے سرشار وابستگی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ کل صبح گیارہ بجے کینال کالونی بہاولپور کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔