تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان
اسلام آباد: (مظہر چشتی سے ) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتے، اگر شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو کل ہی مستعفی ہوجائیں گے۔
یوتھ ویژن نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمیٹی ممبران، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے وزرائے اعلی، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے اندر اور باہر تحریک انصاف مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور آج سے شروع ہونے والی عوامی رابطہ مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف منگل کے روز پشاور میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد کرے گی، اور پشاور جلسے سے سابق وزیر اعظم عمران خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔
اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کورکمیٹی نے کہا کہ اگلے انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے۔