بہاولپور میں ٹریفک قوانین سخت—ڈی پی او کا بڑا اعلان، شہری محتاط رہیں

"ڈی پی او محمد حسن اقبال پریس کانفرنس میں ٹریفک قوانین سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے۔"

یوتھ ویژن نیوز : (حبیب الرحمن راجپوت سے) ڈی پی او بہاولپور نے ٹریفک کے سخت نئے قوانین کا اعلان کیا، کم عمر ڈرائیونگ، ہیلمٹ خلاف ورزی، نمبر پلیٹ اور ون وے خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہوگا۔

بہاولپور میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال نے ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں ٹریفک آگاہی اور نئے قوانین سے متعلق اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات، انسانی جانوں کے ضیاع اور مہذب معاشروں کے انداز پر سخت قوانین نافذ کر دیے ہیں جو فوری طور پر لاگو ہو چکے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں : بہاولپور میں سکیورٹی ہائی الرٹ—عبادت گاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات

انہوں نے کہا کہ موٹر وہیکل آرڈیننس میں اہم ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت اب متعدد خلاف ورزیوں پر صرف جرمانے کے بجائے سیدھا مقدمہ درج ہوگا۔ ڈی پی او کے مطابق کم عمر ڈرائیونگ (جس پر والدین یا سرپرست پر مقدمہ ہوگا)، بغیر لائسنس ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانا، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی یا بائیک چلانا، کالے شیشے، ون وے کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ، غیر قانونی تبدیلیوں والی آلٹرڈ وہیکلز، تیز رفتاری اور دیگر سنگین خلاف ورزیاں قابل دست اندازی پولیس جرم قرار دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے کم عمر بچوں کو کبھی گاڑی یا موٹر سائیکل نہ چلانے دیں، کیونکہ تیز رفتاری، ہیلمٹ کے بغیر سفر اور ون وے کی خلاف ورزی موت کے کھیل سے کم نہیں۔

ڈی پی او نے کہا کہ قانون کی پابندی اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کی ضمانت ہے، بصورتِ دیگر مقدمات کا اندراج شدید قانونی پریشانی کا باعث بنے گا۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی اور شہر میں محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں