الیکشن کمیشن نے دباؤ سے انکار کر کے رپورٹ جاری کی، اب سزا بھی دے: مریم نواز

لاہور: (قاری عاشق حسین سے ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے دباؤ سے انکار کیا اور رپورٹ جاری کی، اب الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ قانون کے مطابق انہیں سزا بھی دے۔

یوتھ ویژن نیوزکے مطابق ن لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور رانا ثنا اللہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں بھی انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ ان کے جھوٹ کو قوم کے سامنے رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسا سلوک ہمارے ساتھ ہوا، ویسا ہی عمران خان کے ساتھ ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے جرم کیے بغیر سینہ تان کرتلاشی دی تھی۔ انہوں ںے کہا کہ اب وقت ہے کہ بے گناہوں کو جو سزا ملی اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے لیکن کب آئیں گے؟ ن لیگ طے کرے گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اس لیے لندن گئے تھے کہ ان کی جان کو خطرہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب جیل میں نواز شریف کے ساتھ جو ہوا وہ سامنے آئے گا، نواز شریف کی صحت کو ایسی جگہ تک پہنچا دیا گیا تھا کہ ان کی زندگی کا پتہ نہیں تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کسی ڈیل کے سلسلے میں نہیں، اپنی صحت کے تناظر میں گئے تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایاز صادق صاحب نے کیا کہا ؟ مجھے نہیں معلوم کہ کس جانب اشارہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے پوچھوں گی، تب ہی جواب دوں گی۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ ڈیل کی ضرورت انہیں ہوتی ہے جن کی عوام میں جڑیں نہیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضمنی انتخابات میں عوام کے جذبات ن لیگ کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ، نواز شریف اور شہباز شریف کی یاد سب کو آرہی ہے اور لوگ انہی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

یوتھ ویژن نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ صرف صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں