احساس اورورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین، احساس نشوونما پروگرام کوتوسیع دینے کے لئے تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔(قاری عاشق حسین سے):احساس اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے جمعرات کو احساس نشوونما پروگرام کو پاکستان کے 15 اضلاع سے لے کر تمام تحصیلوں تک توسیع دینے کے لئے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ فوڈ پروگرام ڈیوڈ بیسلے اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

کنٹری ڈائریکٹر ڈبلیو ایف پی پاکستان کرس کائے اور سیکرٹری عصمت طاہرہ نے باضابطہ طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر ڈیوڈ بیسلے نے کہا کہ میں پاکستان بھر میں بچوں میں اسٹنٹنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور عزم کو سراہتا ہوں۔ دوسرے ممالک بھی اس اقدام سے سبق حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کی کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی دی۔

ڈیوڈ بیسلی نے مزید کہا کہ احساس نشوونما بلاشبہ بچوں میں اسٹنٹنگ سے نمٹنے اور ان کی زندگیوں کوبہتر بنانے میں ایک تبدیلی کا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 100 میں سے 40 بچے اسٹنٹ کا شکار ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نے ڈبلیو ایف پی کے ساتھ احساس کی شراکت داری کو قابل ذکر قرار دیا اور ڈبلیو ایف پی کی قیادت اور ملک کی ٹیم کا پروگرام کے ڈیزائن، رول آؤٹ اور قومی پیمانے پر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر اپنے کلمات میں ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنی پہلی تقریر میں اسٹنٹنگ کے اہم مسئلے کو اجاگر کیا تھا اور اس سے نمٹنے کا عزم کیا تھا۔ لہذا، ہمارے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، احساس نے ڈبلیو ایف پی کے ساتھ شراکت میں احساس نشوونما ایک غذائی مشروط نقد مالی معاونت کا پروگرام شروع کیا۔ڈبلیو ایف پی پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے نے پروگرام کے قومی پیمانے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کرس کائے نے کہا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک کے 15 سب سے زیادہ سٹنٹڈ اضلاع میں، ضلع اور تحصیل کی سطح پر صحت کی سہولیات پرمشتمل 50 احساس نشوونما سینٹرز پہلے ہی کھولے جا چکے ہیں اور یہ انسانی سرمائے کی تعمیر میں بہت اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اگست 2020 میں شروع کیا گیا، احساس نشوونما پروگرام غریب حاملہ خواتین، ماؤں اور دو سال تک کی عمر کے بچوں کو مشروط نقدمالی معاونت فراہم کرتا ہے اور انہیں نقد وظیفہ، خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک، حفاظتی ٹیکوں، قبل از پیدائش اور بعد از پیدائش چیک اپ، اور صحت سے متعلق آگاہی سیشن کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

سہ ماہی بنیادوں پر لڑکی کو لڑکے کے مقابلے میں زیادہ وظیفہ ملتا ہے۔ بنیادی طور پر، احساس نشوونما کوبچے کی پیدائش کے پہلے ہزار دنوں میں غذائیت اور صحت کو بہتر بنانے کیلئے تیار گیا ہے، یہ ابتدائی بچپن کی نشوونما کے اعتبار سے سب سے نازک دور ہے، جو حمل سے شروع ہوتا ہے اور دو سال کی عمر میں مکمل ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں