انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم بھارت کے خلاف فتح کا جشن مناتے ہوئے

یوتھ ویژن نیوز : (فیضان بلوچ سے) انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان انڈر 19 نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت انڈر 19 کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بیٹرز اور بولرز نے ابتدا سے ہی میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے، جس میں اوپنر سمیر منہاس کی 172 رنز کی شاندار اننگ نمایاں رہی۔ انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چھکے اور 17 چوکے لگائے، جبکہ احمد حسین نے 56 اور عثمان خان نے 35 رنز کا اضافہ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پاکستانی بولرز میں علی رضا نے چار وکٹیں حاصل کر کے اہم کردار ادا کیا۔

یہ فتح پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ ایشیا کپ کا پہلا مکمل ٹائٹل ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان بھارت کے ساتھ مشترکہ چیمپئن رہا تھا۔ یاد رہے کہ پاکستان دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکا ہے، جبکہ اس ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں بنگلادیش اور بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں