آبنائے ہرمز پر تعاون نہ ملا تو نیٹو کا مستقبل خطرے میں ہوگا: ٹرمپ

ٹرمپ نے نیٹو کو خبردار کرنے کی نمایا تصؤیر

یوتھ ویژن نیوز : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اتحاد کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اتحادی ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کرتے تو اس کے نتائج نیٹو کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے اس معاملے کو عالمی توانائی سلامتی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اس اہم سمندری راستے کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں اشارہ دیا کہ رواں ماہ کے آخر میں چین کے صدر کے ساتھ طے شدہ ملاقات بھی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کا انعقاد اسی صورت میں مناسب ہوگا جب آبنائے ہرمز سے فائدہ اٹھانے والے ممالک اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کریں کہ اس اہم راستے پر کسی قسم کا خطرہ پیدا نہ ہو۔

اس سے قبل امریکی صدر نے چین سمیت دنیا کے کئی ممالک سے اپیل کی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ چین کے ساتھ ساتھ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اپنے جنگی جہاز اس اہم سمندری راستے کی سکیورٹی کے لیے تعینات کریں گے۔

تاہم عالمی سطح پر اس اپیل کا ردعمل محتاط رہا ہے۔ جاپان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ فی الحال آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہاز بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا، جبکہ چین نے بھی اس مطالبے پر براہ راست ردعمل دینے کے بجائے سفارتی رابطوں کو بہتر بنانے کی بات کی ہے۔ واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کے مطابق بیجنگ کشیدگی کم کرنے کے لیے متعلقہ فریقین کے ساتھ تعمیری رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔

آبنائے ہرمز بند ہوئی تو موت اور آگ برسے گی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

دوسری جانب برطانیہ کے وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ امریکا اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ممکنہ طور پر بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے ڈرونز بھی بھیجے جا سکتے ہیں تاکہ سمندری راستے کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

جنوبی کوریا نے بھی اس معاملے پر محتاط موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے امریکی اپیل کا جائزہ لیا ہے اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کو قریب سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ فرانس پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ اس مرحلے پر خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں