اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سانجھی سبزی، مفت سبزی منصوبے کا آغاز

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سانجھی سبزی مفت سبزی منصوبے کے تحت موسمی سبزیوں کی کاشت

یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا ابراہیم سے) وزیراعلیٰ پنجاب کی "سانجھی سبزی، مفت سبزی” مہم کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں موسمی سبزیوں کی کاشت کا آغاز ہوگیا۔

بہاول پور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے "سانجھی سبزی، مفت سبزی” کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں موسمی سبزیوں کی کاشت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو تازہ، معیاری اور مفت سبزیاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

اس سلسلے میں بغداد الجدید کیمپس کے زرعی فارم میں منعقدہ تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور منصوبے کے لیے مختص کھیت میں موسمی سبزیوں کی بوائی کا افتتاح کیا۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سانجھی سبزی مفت سبزی منصوبے کے تحت موسمی سبزیوں کی کاشت

کمشنر بہاول پور نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے اس فلاحی اقدام کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، اساتذہ، محققین اور طلبہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے عوام کو صحت بخش اور معیاری سبزیاں مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ شہریوں میں کچن گارڈننگ اور گھریلو سطح پر سبزیوں کی پیداوار کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سانجھی سبزی مفت سبزی منصوبے کے تحت موسمی سبزیوں کی کاشت

پائیدار زراعت کے فروغ کے لیے تحقیقی اقدامات

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ سماجی اور زرعی ترقی کے منصوبوں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قدرتی کھاد، ماحول دوست زرعی ادویات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے پائیدار زراعت کے فروغ کے لیے تحقیق اور عملی اقدامات جاری ہیں، جن سے زرعی شعبے کی ترقی اور ماحول کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

تقریب میں فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر مکشوف احمد، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، جمیل غوری، اقراء مبین، ڈاکٹر عامر منظور، پروفیسر ڈاکٹر نوید اسلم ملغانی، ڈاکٹر محمد عاطف، ڈاکٹر امجد سعید، ڈاکٹر شہزاد احمد خالد سمیت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ماہرین کے مطابق "سانجھی سبزی، مفت سبزی” منصوبہ نہ صرف غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ شہریوں میں گھریلو باغبانی، ماحول دوست زراعت اور پائیدار زرعی نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں