پاکستان اور سعودی عرب کا خواتین کے حقوق، خاندانی نظام اور مشترکہ تعاون کے فروغ کا اعادہ

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ اور سعودی وفد کی خواتین کے حقوق پر ملاقات

یوتھ ویژن نیوز : ( علی رضا سے) اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے مملکت سعودی عرب کی فیملی افیئرز کونسل کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر میمونہ الخلیل سے ملاقات کی، جس میں خواتین کے حقوق، خاندانی نظام کے استحکام اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے پلیٹ فارم پر باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خواتین کے حقوق اور سماجی ترقی پر گفتگو

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے سعودی عرب میں جاری سماجی اور اقتصادی اصلاحات، خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسلام خواتین کو تعلیم، وراثت، تجارت اور معاشرتی زندگی سمیت مختلف شعبوں میں واضح حقوق فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے حضرت خدیجہؓ، حضرت عائشہؓ اور حضرت فاطمہؓ کی زندگی کو خواتین کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ اور سعودی وفد کی خواتین کے حقوق پر ملاقات

پاکستان میں خواتین کا کردار

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں ایک خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں، جبکہ آج پاکستانی خواتین سیاست، معیشت، تعلیم، صحت، عدلیہ، دفاع اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں مختلف اقدامات جاری ہیں۔

او آئی سی کے پلیٹ فارم پر مشترکہ تعاون

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی نظام کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے خواتین کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں