پاکستان نے ایران امریکہ مذاکرات میں مثبت اور کلیدی کردار ادا کیا، جے ڈی وینس کا اعتراف
یوتھ ویژن نیوز : (واشنگٹن ) اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے سفارتی کردار کو کھلے الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے دونوں ممالک کو ایک میز پر لانے میں اہم، مثبت اور فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
جے ڈی وینس کے مطابق پاکستان کی میزبانی اور سفارتی سہولت کاری نے ایک ایسے مذاکراتی عمل کو ممکن بنایا جس میں امریکہ اور ایران ایک طویل عرصے بعد سنجیدہ اور براہ راست بات چیت کے لیے آمادہ ہوئے۔
اپنے بیان میں امریکی نائب صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کی ریاستی بصیرت، غیر معمولی قائدانہ صلاحیت اور متوازن سفارتی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک مؤثر راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قیادت نے نہ صرف میزبان ملک کے طور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا بلکہ دونوں فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں بھی کلیدی مدد فراہم کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں : جنگ بندی برقرار رہے، پاکستان سفارتی کردار جاری رکھے گا: اسحاق ڈار
سفارتی تجزیہ کاروں کے مطابق جے ڈی وینس کا یہ بیان عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ جیسے دیرینہ حریفوں کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کا مرکزی کردار نہ صرف اسلام آباد کی عالمی ساکھ کو مضبوط کرے گا بلکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی نئی راہیں بھی کھول سکتا ہے۔
اگرچہ ابتدائی مذاکرات میں حتمی معاہدہ سامنے نہیں آ سکا، تاہم امریکی نائب صدر نے اسے “اہم پیش رفت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی بنیادی معاملات پر قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے اور یہ عمل آئندہ دور کی بات چیت کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔