ایشیاپاک کا پاکستان پر اعتماد، مزید 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز : عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے موقع پر پاکستان پویلین میں منعقد ہونے والے ”انسپائرنگ پاکستان“ فورم میں پاکستان کی معاشی بحالی، اصلاحاتی سفر اور عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے کردار کو نمایاں کیا گیا، جہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ماہرین نے پاکستان کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاتھ فائنڈر گروپ کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس اعلیٰ سطحی فورم کا مقصد پاکستان کے بارے میں عالمی تاثر کو مثبت سمت میں تبدیل کرنا اور ملک کو ایک پُراعتماد، اصلاحات پر عمل پیرا اور سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش منزل کے طور پر پیش کرنا تھا۔ فورم میں پاکستان کی معیشت میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب کی میزبانی معروف کاروباری رہنما ضرار سہگل نے کی، جبکہ فورم میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء میں ایشیاپاک انویسٹمنٹس کے ایگزیکٹو چیئرمین سمیر چشتی، ڈاکٹر ہما بقائی، ڈاکٹر اُرس لسٹنبرگر، مائیکل کگل مین، ایڈم وائن اسٹین، ابو بکر، جان ڈی بلیزیو، آرسن ٹومسکی، ایئر کموڈور (ر) فرحان احمد، ایم بلال لاکھلانی، محمد فرید عالم، ڈاکٹر سلمیٰ ملک، ڈاکٹر مارک سہگل، ہند الحنّاوی اور پاتھ فائنڈر گروپ کے کو چیئرمین اکرم سہگل شامل تھے، جنہوں نے اختتامی کلمات ادا کیے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایشیاپاک انویسٹمنٹس کے ایگزیکٹو چیئرمین سمیر چشتی نے پاکستان کو سرمایہ کاری کا نیا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشیاپاک پاکستان کے طویل المدتی معاشی امکانات کے حوالے سے نہایت پُرامید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاپاک کا اعتماد محض بیانات تک محدود نہیں بلکہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں پاکستان کے مختلف شعبوں اور صوبوں میں کی گئی عملی سرمایہ کاری پر مبنی ہے۔
سمیر چشتی کے مطابق ایشیاپاک نے گزشتہ دس برسوں میں پاکستان میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اب آئندہ برسوں میں مزید 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیاپاک نے ملک بھر میں دس کمپنیوں کو کامیابی سے حاصل کیا اور چلایا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ہر سطح پر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اس اعتماد کی بنیاد حکومتی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ پالیسیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی معیشت اب استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
فورم کے اختتام پر پاتھ فائنڈر گروپ کے کو چیئرمین اکرم سہگل نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اور نوجوان آبادی ملک کی پائیدار ترقی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں، جن سے درست اور مستقل پالیسیوں کے ذریعے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت پر عالمی اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے فورمز نہایت اہم ہیں۔