صدر مملکت کا خضدار آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
یوتھ ویژن نیوز : (اسلام آباد)- صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردی کی ایک کارروائی بروقت ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ خضدار میں دہشت گردوں کی بارود سے بھری دو گاڑیوں کو بروقت تباہ کرنا سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور قومی سلامتی کے لیے غیر معمولی عزم کا مظہر ہے۔
دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارکردگی قابلِ تحسین
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر پوری قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔ انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔
دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف سرگرم عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔