آپریشن شعبان: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 102 خارجی ہلاک

بلوچستان میں آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی

یوتھ ویژن نیوز : (کوئٹہ) پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری مشترکہ آپریشن شعبان میں کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 102 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے زمینی اور فضائی وسائل استعمال کیے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران 52 جبکہ دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید 50 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

وزیر داخلہ کا بیان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھا رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست امن دشمن عناصر کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

کارروائیاں جاری

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں