وزیراعظم کی ہدایت: پی اے آر سی کو زرعی تحقیق کا مرکز بنایا جائے، صوبوں کی مشاورت سے قومی زرعی پالیسی مرتب کی جائے
یوتھ ویژن نیوز : (علی رضا ابراہیم سے) – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) کو صحیح معنوں میں زرعی تحقیق کا مرکز بنانے اور صوبوں کی مشاورت سے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنی زیرِ صدارت وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیمِ نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
زرعی شعبے میں اصلاحات اور ایپکس فورم کے قیام کی ہدایت
وزیراعظم نے زرعی شعبے میں ایپکس فورم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، جو ایگریکلچر انوویشن اور گروتھ پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ماہانہ اجلاس منعقد کرے گا۔
وزیراعظم نے زرخیز-ای زرعی قرضے پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی اور کھاد کی بروقت اور مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، بہتر ویئر ہاؤسنگ اور جدید ذخیرہ سازی کے نظام پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کی طرف سے آزمائشی بنیادوں پر ملٹی گرین آٹے کی تیاری جاری ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کی جا رہی ہے جو کسانوں کو کیڑوں اور فصلوں میں بیماریوں کے مؤثر تدارک میں مدد فراہم کرے گی۔
کسانوں کے لیے آسان قرضوں تک رسائی اور نئی پالیسیوں کی منظوری
نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کسانوں کی آسان قرضوں تک رسائی کے لیے فنڈز مہیا کرے گی۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ نیشنل سیڈ پالیسی اور نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی حال ہی میں منظور ہو چکی ہیں، جبکہ پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور جلد منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ گندم اور لائیو اسٹاک سے متعلق متعدد پالیسیوں پر مشاورت جاری ہے۔