چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا اطالیہ سے تعلقات مستحکم کرنے کا عزم
اسلام آباد (یوتھ ویژن نیوز) – چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اطالیہ کی 80 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر اطالوی سفیر مارلینا آرملین سے غیر رسمی ملاقات کی اور پاکستان اور اطالیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ اور پاکستانی عوام کی جانب سے اطالوی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اطالیہ ایک قابلِ اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
پارلیمانی سفارت کاری اور تجارتی تعاون پر زور
انہوں نے پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور تجارتی و سرمایہ کاری مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا۔ ساتھ ہی، انہوں نے صحت، تعلیم اور صفائی جیسے شعبوں میں پاکستان کو جی ایس پی پلس سہولت اور ترقیاتی تعاون فراہم کرنے پر اطالیہ کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں سفیر مارلینا آرملین کی کوششوں کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستان اور اطالیہ کے درمیان دوستی اور تعاون آنے والے سالوں میں مزید فروغ پائے گا۔
تقریب میں یادگاری کیک کاٹا گیا
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے یادگاری کیک کاٹ کر اطالوی حکومت اور عوام کو نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔