وزیرِ اعظم شہباز شریف انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے ترکیہ پہنچ گئے
یوتھ ویژن نیوز : (ویب ڈسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے دورۂ ترکیہ کے دوران انطالیہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ یہ فورم علاقائی اور عالمی سفارت کاری کے تناظر میں ایک اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جہاں مختلف ممالک کے سربراہان اور پالیسی ساز شریک ہوتے ہیں۔
انطالیہ کے گورنر ہلوسی شاہین نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
لیڈرز پینل میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف فورم کے دوران "لیڈرز پینل” میں شرکت کریں گے، جہاں وہ خطے کی تازہ صورتحال، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور سفارتی روابط کے حوالے سے پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے۔
مبصرین کے مطابق یہ شرکت پاکستان کے لیے اپنی سفارتی ترجیحات اور علاقائی امن سے متعلق مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔
اردوان سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع
فورم کے موقع پر وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، خطے کی سلامتی، اقتصادی تعاون اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد ہمراہ
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے وزیراعظم کے ترجمان مشرف زیدی بھی انطالیہ پہنچے ہیں۔