اسلام آباد ہائی الرٹ: امریکی اور ایرانی وفود کی آمد کا انتظار، ریڈ زون مکمل سیل
یوتھ ویژن نیوز : (واصب ابراہیم سے) اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان متوقع اعلیٰ سطحی مذاکرات سے قبل امریکی اور ایرانی وفود کی آمد کا انتظار جاری ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت کو مکمل ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستے خاردار تاروں اور بھاری نفری کے ذریعے بند کر دیے گئے ہیں، پولیس، فوج اور نیم فوجی دستے حساس مقامات پر تعینات ہیں، جبکہ بین الاقوامی میڈیا نمائندے بھی شہر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
ڈی چوک اور پارلیمنٹ کے اطراف میڈیا کی نقل و حرکت محدود
ڈی چوک، ایوانِ صدر اور پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ میڈیا ٹیموں کو مرکزی چوراہوں اور حساس مقامات سے پیچھے ہٹایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وفود کی آمد کسی بھی وقت متوقع ہے۔ تاہم سرکاری سطح پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ امریکی یا ایرانی وفد میں سے کون پہلے اسلام آباد پہنچے گا۔
ایرانی وفد کی آمد پر ابہام برقرار
ایرانی وفد کی آمد کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ گزشتہ روز پاکستان میں ایران کے سفیر کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وفد کی رات گئے آمد کا ذکر کیا گیا تھا، تاہم یہ پوسٹ کچھ ہی دیر بعد حذف کر دی گئی، جس کے بعد سفارتی حلقوں میں قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ بعض بین الاقوامی رپورٹس میں ایرانی وفد کی آمد کا دعویٰ کیا گیا، لیکن ابھی تک کسی سرکاری ذریعے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
اسلام آباد عالمی سفارتکاری کا مرکز بن گیا
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیے جا رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس پہلے ہی اشارہ دے چکا ہے کہ بات چیت ہفتے کی صبح شروع ہوگی، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وفد کی قیادت کریں گے۔ اسلام آباد اس وقت عالمی سفارتکاری، سیکیورٹی اور میڈیا توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔