پاکستان میں 5جی اسپیکٹرم نیلامی مکمل، 500 ملین ڈالر سرمایہ کاری

پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے متعلق موبائل نیٹ ورک ٹاور اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کی علامتی تصویر۔

یوتھ ویژن نیوز : (عفان گوہر سے) اسلام آباد میں پاکستان کی5 جی اسپیکٹرم نیلامی کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں تقریباً پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سامنے آئی ہے اور اسے ملک میں ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس نیلامی کے عمل میں پاکستان کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں زونگ،جایز اوریوفون نے کامیاب بولی دہندگان کے طور پر حصہ لیا جبکہ حکومتی سطح پر اس عمل کو  ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی کے تحت ایک بڑی معاشی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ممکن ہوا۔

پاکستان میں تیز انٹرنیٹ 5جی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا

حکام کا کہنا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کی آمد سے ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز، ڈیجیٹل کاروبار، ای کامرس اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کو فروغ ملے گا جس سے معیشت کے مختلف شعبوں میں جدت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب نیلامی دراصل پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی کمپنیاں پاکستان کی معاشی اصلاحات اور پالیسیوں پر اعتماد کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور ملک میں جدید انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔ حکام کے مطابق نیلامی میں کامیاب ہونے والی کمپنی جاز نے آئندہ تین برس کے دوران مزید ایک ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے جس سے ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں نمایاں ترقی متوقع ہے اور صارفین کو زیادہ تیز رفتار اور جدید انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں