آبنائے ہرمز بند ہوئی تو موت اور آگ برسے گی، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بیان دیتے ہوئے جبکہ پس منظر میں آبنائے ہرمز کا سمندری راستہ دکھایا گیا ہے۔

یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں رکاوٹ ڈالنے پر امریکا سخت اور فیصلہ کن کارروائی کر سکتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز میں جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایسا کوئی قدم اٹھایا جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل متاثر یا بند ہوئی تو امریکا انتہائی سخت اور فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا پہلے سے جاری کارروائیوں کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ سخت ردعمل دے سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اس اہم سمندری راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو ایسے اہداف کو بھی تباہ کر دیا جائے گا جنہیں آسانی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں ایران کے لیے دوبارہ ایک مضبوط قوم کے طور پر کھڑا ہونا تقریباً ناممکن ہو سکتا ہے۔

ایران کے یورینیم پر قبضے کیلئے امریکا کے ممکنہ اقدامات زیرِ غور

امریکی صدر نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز سے رکاوٹ ختم نہ ہوئی تو ایران پر موت، آگ اور قہر برس سکتا ہے، تاہم انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ حالات اس نہج تک نہیں پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً بیس فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے باعث اس راستے سے سمندری آمدورفت پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور توانائی کے عالمی نظام پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں