گوگل سرچ میں بڑی انقلابی تبدیلی:جیمینائی طرز کا جدید اے آئی فیچر متعارف

google-search-gemini-ai-feature-update

یوتھ ویژن نیوز : ( عفان گوہر نمائدہ خصؤصی برائے ٹیک انفارمیشن سے) ٹیکنالوجی کے عالمی ادارے گوگل نے اپنے سرچ انجن میں ایک بڑی اور انقلابی تبدیلی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت جیمینائی طرز پر مبنی جدید اے آئی فیچر لانچ کر دیا گیا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد گوگل سرچ محض کی ورڈز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ایک ذہین اے آئی اسسٹنٹ کی شکل اختیار کر لے گا۔

گوگل کے مطابق سرچ انجن میں موجود AI Overviews فیچر کو اب جدید Gemini 3 ماڈل سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو پہلے سے زیادہ جامع، مربوط اور تفصیلی جوابات فراہم کیے جائیں گے۔ اس نئے نظام میں معلومات کو سادہ لنکس کے بجائے خلاصہ اور وضاحتی انداز میں پیش کیا جائے گا۔

گوگل نے سرچ انجن میں ایک نئی اے آئی چیٹ ونڈو بھی متعارف کرائی ہے، جو صارفین کو فالو اپ سوالات پوچھنے کی سہولت فراہم کرے گی۔ اب صارف ایک سوال کے بعد اسی چیٹ ونڈو میں مزید وضاحتی یا ذیلی سوالات بھی کر سکے گا، جس سے معلومات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں : گوگل کا تہلکہ خیز اعلان: اے آئی گلاسز متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل!

اب تک گوگل سرچ بنیادی طور پر کی ورڈز پر انحصار کرتا رہا ہے، جس کے باعث صارفین کو متعدد ویب لنکس کھنگالنے پڑتے تھے۔ تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین گفتگو نما اور طویل سرچز کے ذریعے بھی براہِ راست مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے، بالکل اسی طرح جیسے وہ کسی اے آئی چیٹ بوٹ سے بات کر رہے ہوں۔

گوگل کے مطابق یہ فیچر گزشتہ کچھ عرصے سے محدود بنیادوں پر آزمائشی مرحلے میں تھا، جس کے بعد اب اسے عالمی سطح پر موبائل صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔ مستقبل میں اسے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بھی وسعت دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرچ کے تجربے کو زیادہ انٹرایکٹو، مؤثر اور انسانی گفتگو کے قریب لانا ہے تاکہ صارفین کم وقت میں زیادہ درست معلومات حاصل کر سکیں۔

ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی گوگل سرچ کو محض ایک سرچ انجن کے بجائے ایک مکمل اے آئی نالج اسسٹنٹ میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جو ڈیجیٹل دنیا میں معلومات تلاش کرنے کے انداز کو یکسر بدل سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں