نادرا نے شناختی کارڈ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے نئی مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی

نادرا کی نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ کے تعارف کے موقع پر ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق نمائشی گرافکس

یوتھ ویژن نیوز : (نمائدہ خصؤصی برائے ٹیک انفارمیشن عفان گوہر سے) نادرا نے شناختی کارڈ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے نئی مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی، شہری اب اپنے ڈیٹا کے استعمال کی خود نگرانی کر سکیں گے۔

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے شناختی کارڈ ڈیٹا کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک نئی ڈیٹا مانیٹرنگ ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری اب خود اس بات کی نگرانی کر سکیں گے کہ ان کا شناختی ڈیٹا کہاں، کب اور کس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ یہ اقدام ڈیٹا پرائیویسی کے تحفظ، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

نادرا حکام کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے شہریوں کو شناختی ڈیٹا ویری فکیشن کی مکمل تاریخ دستیاب ہوگی، جس میں واضح طور پر درج ہوگا کہ کس ادارے نے، کس تاریخ کو اور کس نوعیت کی تصدیق کی۔ اس سہولت سے شہری فوری طور پر کسی بھی مشکوک یا غیر مجاز تصدیق کی نشاندہی کر سکیں گے، جس سے شناختی ڈیٹا کے غلط استعمال پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس قائم ہو گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ایپ کا مقصد ڈیٹا لیک، غیر قانونی تصدیقی عمل اور سائبر کرائم کی روک تھام ہے، جبکہ شہریوں کو اپنی ذاتی معلومات پر براہِ راست کنٹرول فراہم کرنا بھی اس نظام کا اہم حصہ ہے۔ نئی مانیٹرنگ ایپ ڈیجیٹل سکیورٹی کو فروغ دے گی اور جعلی تصدیقی کیسز کی حوصلہ شکنی میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ سہولت ڈیجیٹل گورننس اور عوامی سہولت کے وژن کا تسلسل ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کا نظام بھی مزید مضبوط ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں