پاکستان اور دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار عقیدت و احترام سے منایا جارہاہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات

یوتھ ویژن نیوز : (قاری عاشق حُسین سے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کااہتمام کیا گیا ہے۔

اسلام آباد سمیت پاکستان بھر اور دنیا کے مختلف حصوں میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور خوشی کے ساتھ منا رہی ہے۔ کرسمس کی شام کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقاریب کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جہاں امن، خوشحالی اور انسانیت کی فلاح کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ اورسمیت مختلف شہروں میں واقع گرجا گھروں کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے، جبکہ عبادات میں بڑی تعداد میں مسیحی برادری کے افراد شریک ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، قومی ترقی اور باہمی ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے مختلف سماجی اور بین المذاہب فورمز پر بھی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جنہیں ملک میں رواداری، احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر عالمی سطح پر بھی کرسمس کی تقریبات مذہبی عقیدت سے منائی جا رہی ہیں، جہاں واشنگٹن، لندن، پیرس، ماسکو اور دبئی سمیت دنیا کے بڑے شہروں میں خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے، جبکہ ویٹی کن سٹی میں بھی کرسمس کے موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں