صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا کی جانب سے ظہرانہ
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا کی جانب سے ظہرانہ۔
عراق کے مقدس شہر کربلا میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا ڈاکٹر نُصیف جاسم الخطابی کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں ثقافتی تبادلوں، سیاحت کے فروغ اور تاریخی مقامات کے تحفظ جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پُرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر گورنر کربلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور عراق کے درمیان مسلسل تعاون اور روابط کی اہمیت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے روابط علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر قربت اور باہمی احترام کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ ان کے لیے اُن شہروں میں موجود ہونا باعثِ اعزاز ہے جو اسلام کے مقدس ترین مقامات کی میزبانی کرتے ہیں، انہوں نے عراق کے اس دورے کو خطے میں سفارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
ظہرانے کے موقع پرصدر مملکت آصف علی زرداری کے ہمراہ شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا، سردار سلیم حیدر خان، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ اور پاکستان کے سفیر برائے عراق بھی موجود تھے۔