اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ’ کشمیر بلیک ڈے‘ پر سیمینار آزادیٔ کشمیر کی جدوجہد کو نئی آواز
یوتھ ویژن نیوز : (محکمہ تعلقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان اسٹڈیز کے زیر اہتمام “کشمیر بلیک ڈے” کے موقع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیر پر بھارتی قبضے کی تاریخ اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کیا گیا۔ پروگرام میں مقررین نے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
سیمینار سے چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان اسٹڈیز ڈاکٹر روبینہ یاسمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے، اور عالمی برادری کو اس غیر انسانی تسلط کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں: اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ’لوح و قلم‘ طلبہ کی خطاطی نے عشقِ رسول ﷺ کو رنگوں اور حروف میں سمو دیا
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریکِ آزادی صرف جغرافیائی مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت اور انصاف کا تقاضا ہے، اور پاکستان کی عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد اکرام اللہ خان، اسسٹنٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان اسٹڈیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء معاشروں میں تبدیلی کا استعارہ ہوتے ہیں، اور انہیں کشمیر کے مقدمے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ تاریخِ کشمیر کو صرف یاد نہ رکھے بلکہ عملی طور پر اس جدوجہد کو آگے بڑھائے۔
پروگرام میں بی ایس اسکالر اریبہ عامر نے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سب سے بڑی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طالب علم پر لازم ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے مظلوم کشمیری عوام کی آواز بنے اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے دنیا کو بیدار کرے۔
سیمینار میں طلباء و طالبات، اساتذہ، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ہر سال کشمیر بلیک ڈے کے طور پر منایا جانا دراصل اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
پروگرام کے اختتام پر چیئرپرسن ڈاکٹر روبینہ یاسمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی تحریک کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔