پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی: دشمن کی کئی افغان پوسٹیں تباہ، سرحد پار اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب
یوتھ ویژن نیوز : ( سُمیر علی خان سے) پاک فوج نے افغانستان کی جانب سے ہونے والی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیتے ہوئے متعدد افغان پوسٹوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں کئی سرحدی علاقوں میں کی گئیں، جن میں دشمن کے اہم ٹھکانے، کیمپس اور چوکیاں شامل ہیں۔
برابچا سیکٹر میں دشمن کو بھاری نقصان
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے برابچا کے علاقے میں افغان طالبان کی اُس بٹالین کو نشانہ بنایا جہاں سے خوارج اور ’’فتنہ الہند‘‘ کے دہشتگرد پاکستان میں داخل کیے جاتے تھے۔
اس آپریشن میں دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے جبکہ جانی و مالی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دشمن کے ٹھکانوں پر درست ہدف کے ساتھ اسٹرائیک کی گئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
چمن بارڈر پر مؤثر کارروائی
چمن بارڈر کے علاقے میں افغان طالبان اور خوارجی عناصر کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے شدید جوابی کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق دشمن کی پوسٹوں پر چھپے دہشتگرد پوسٹیں چھوڑ کر فرار کی کوشش کر رہے تھے مگر پاک فوج نے انہیں بروقت انگیج کر کے بھاری نقصان پہنچایا۔
جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
شپولا ہلا پوسٹ کی تباہی
کرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کی شپولا ہلا پوسٹ کو پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کے دوران مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
ویڈیو مناظر میں پوسٹ پر اسٹرائیک کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پوسٹ سے پاکستان پر فائرنگ کی جا رہی تھی، جس کے جواب میں درست ہدف پر کارروائی کی گئی۔
کرزئی پوسٹ پر کارروائی اور تباہی
باجوڑ کے مخالف سمت واقع افغان طالبان کی کرزئی پوسٹ بھی پاک فوج کے نشانے پر آئی۔
ویڈیو مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹرائیک کے بعد چوکی مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران افغان طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔
سرحدی چوکیوں پر پاکستانی جھنڈا لہرا دیا گیا
جنوبی وزیرستان اور چترال کے سرحدی علاقوں میں پاک فوج نے متعدد افغان چوکیوں پر قبضہ کر کے پاکستانی پرچم لہرا دیا۔
جاری ویڈیوز میں پاکستانی فوجیوں کو افغان چوکیوں پر جھنڈا لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔
منوجبا کیمپ 3 کی تباہی
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغانستان کے اندر واقع منوجبا کیمپ 3 کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
یہ کیمپ خوارجی عناصر کے لیے تربیتی مرکز کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق، اس کارروائی میں افغان طالبان اور غیر ملکی دہشتگردوں کے بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
بریکوٹ بیس کیمپ پر اسٹرائیک
چترال سیکٹر میں افغان طالبان کے بریکوٹ بیس کیمپ کو بھی پاک فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹرائیک کے بعد پورا کیمپ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے جبکہ بھاری اسلحہ بھی ضائع ہوا۔
عصمت اللہ کرار کیمپ: سب سے بڑا ہدف
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان میں واقع افغان طالبان کا اہم ترین عصمت اللہ کرار کیمپ پاک فوج کے نشانے پر آیا۔
یہ کیمپ سپین بولدک سیکٹر میں واقع تھا اور پاکستان مخالف کارروائیوں کا بڑا مرکز سمجھا جاتا تھا۔
کارروائی کے بعد کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹرائیک کے بعد کیمپ کے بڑے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، اور دشمن کے بھاری نقصان کی تصدیق ہوئی۔
دوسری اسٹرائیک میں مکمل تباہی
سپین بولدک میں پاک فوج نے عصمت اللہ کرار کیمپ پر دوسری اسٹرائیک بھی کی، جس کے بعد کیمپ مکمل طور پر صفحۂ ہستی سے مٹ گیا۔
ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے تسلسل کو روکنے کے لیے کی گئی تھی۔
توپسر پوسٹ پر قبضہ
کرم سیکٹر کے مخالف سمت واقع افغان طالبان کی توپسر پوسٹ پر پاک فوج نے کامیاب کارروائی کر کے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔
ویڈیوز میں پاکستانی فورسز کو پوسٹ کی جانب پیش قدمی کرتے اور جھنڈا لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران کسی پاکستانی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
پاکستان کا موقف
سکیورٹی حکام کے مطابق، پاکستان امن چاہتا ہے لیکن کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری، سرحدی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ذرائع کے مطابق، سرحدی علاقے میں امن کی بحالی کے لیے فوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔