”اساتذہ قوم کے معمار! وائس چانسلر اسلامیہ یونیوسٹی بہاولپور کا عالمی یومِ اساتذہ پر زبردست پیغام“
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عالمی یومِ اساتذہ کی تقریب — وائس چانسلر ڈاکٹر محمد کامران کا پیغام: ”اساتذہ قوم کے معمار اور طلبہ کی کامیابی کا راز ہیں!“
خصوصی تحریر : (حافظ مرجان حیدر محکمہ تعلقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) عالمی یومِ اساتذہ پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا پیغام ، "اساتذہ قوم کے حقیقی معمار اور طلبہ کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں”
بہاول پور (یوتھ وژن نیوز): اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں جو طلبہ کے ذہنوں اور کردار کی تعمیر کرتے ہیں۔ تقریب کا اہتمام اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک نے Helping Hand for Relief and Development (HHRD) کے تعاون سے کیا۔ عباسیہ کیمپس کے غلام محمد گھوٹوی ہال میں ہونے والی اس تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نئے طلبہ کے اعزاز میں تقریب ، وائس چانسلر کا طلبہ سے حلف، نظم و ضبط اور تعلیم پر زور
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ صرف ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ اس عزمِ نو کی تجدید ہے کہ ہم تعلیم، تربیت اور اخلاقیات کو معاشرے کی بنیاد بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی رہنمائی کے ستون ہیں جو نئی نسل کو نہ صرف علم دیتے ہیں بلکہ کردار اور شعور کی روشنی بھی عطا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بہترین استاد وہ ہے جو محض نصاب نہیں پڑھاتا بلکہ اپنے عمل اور گفتار سے طلبہ کے لیے مشعلِ راہ بن جاتا ہے۔
ڈاکٹر محمد کامران نے مزید کہا کہ “اساتذہ کا کردار کلاس روم کی چار دیواری سے کہیں آگے ہے۔ وہ قوم کی فکری سمت متعین کرتے ہیں، نوجوانوں کو علم اور اخلاق کے ہتھیار سے لیس کرتے ہیں اور ایک مضبوط سماجی ڈھانچے کی بنیاد رکھتے ہیں۔” انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، ان کی رہنمائی سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنے کے عمل کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء دراصل اپنے اساتذہ کا عکس ہوتے ہیں، جو اپنے استاد کے علم، وژن اور اخلاقیات کو دنیا میں آگے بڑھاتے ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ایک کامیاب قوم وہی ہوتی ہے جس کے نوجوان علم اور احترام کے جذبے سے سرشار ہوں۔ ان کے مطابق “تعلیم وہ چراغ ہے جو جہالت کے اندھیروں کو مٹاتا ہے، اور اس چراغ کو جلانے والے ہمارے اساتذہ ہیں۔”
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، نے عالمی یومِ اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیم اور تدریس کا پیشہ صرف ملازمت نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اساتذہ نئی نسل کے ذہنوں کو تراشتے ہیں اور معاشرتی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔”
اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا، چیئرمین شعبہ سوشل ورک، نے کہا کہ آج کی تقریب نہ صرف اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تھی بلکہ طلبہ اور اساتذہ کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کی ایک خوبصورت کاوش بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اساتذہ انسانیت کے معمار ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔”
آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد کامران نے تقریب کے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تعلیم، تحقیق اور تربیت کے شعبے میں اپنی روایات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “ہم اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ IUB پاکستان کی اعلیٰ تعلیمی جامعات میں اپنا نمایاں مقام برقرار رکھے گی۔”
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہونے والی یہ تقریب نہ صرف ایک یادگار لمحہ تھی بلکہ اس نے یہ پیغام دیا کہ تعلیم کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک ہم اپنے اساتذہ کی قدر اور ان کے کردار کو تسلیم نہ کریں۔ عالمی یومِ اساتذہ کا یہ دن دراصل قوم کے ان عظیم رہنماؤں کو سلامِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنے علم، کردار اور محبت سے معاشرے کو روشنی بخشی۔