اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نئے طلبہ کے اعزاز میں تقریب ، وائس چانسلر کا طلبہ سے حلف، نظم و ضبط اور تعلیم پر زور

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نئے طلبہ کے اعزاز میں تقریب — وائس چانسلر کا طلبہ سے حلف، نظم و ضبط اور تعلیم پر زور
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نئے طلبہ کے لیے تعارفی تقریب کا انعقاد۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا نظم و ضبط، حب الوطنی اور تعلیم پر زور۔ طلبہ سے حلف لیا گیا اور جدید تعلیمی سہولیات سے آگاہ کیا گیا

خصوصی تحریر :

محمد اقبال محکمہ تعلقاتِ عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں نئے طلبہ کے اعزاز میں تقریب، وائس چانسلر کا طلبہ سے حلف، نظم و ضبط اور تعلیم پر زور

بہاول پور: اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ یونیورسٹی طلبہ و طالبات کے لیے ایک گھر کی مانند ہے جبکہ اساتذہ ان کے والدین کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی ایک تاریخی اور علمی ورثے کی حامل درسگاہ ہے جو اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد کامران نے ان خیالات کا اظہار بغداد الجدید کیمپس میں منعقدہ نئے طلبہ کے لیے تعارفی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام خواجہ فرید آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے دو سیشنز میں شرکت کی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تدریسی سرگرمیوں کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ کلاسز کا بروقت اور باقاعدہ انعقاد ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے تمام تعلیمی پروگرامز کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے منسلک کر دیا ہے تاکہ طلبہ ملکی و بین الاقوامی جاب مارکیٹ میں بااعتماد انداز میں قدم رکھ سکیں۔

ڈاکٹر محمد کامران نے طلبہ کو نظم و ضبط، حاضری، کلاسز اور لیبارٹری ورک میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ سے علمی لگن، حب الوطنی، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور نظم و ضبط کی پاسداری کا حلف لیا گیا — جو کہ وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر عمل میں آیا۔

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف (ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اور ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز) نے طلبہ کو تدریسی نظام، یونیورسٹی سہولیات، اور نظم و ضبط سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

طلبہ کو HEC کی اینٹی نارکوٹکس اور اینٹی ہراسمنٹ پالیسیوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ، ہاسٹل، میڈیکل، کھیلوں اور اسپیشل طلبہ کے لیے سہولیات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کے مطابق، طلبہ کی تربیت، رہنمائی اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مختلف اسٹوڈنٹ سوسائیٹیز اور تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔

خواجہ فرید آڈیٹوریم
خواجہ فرید آڈیٹوریم

اپنا تبصرہ بھیجیں