حنیف عباسی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی بھی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ راولپنڈی میں تاجر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ساری محنت پر اکیلے وزیر خزانہ پانی پھیر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ٹیکس دے رہا ہے اسی پر مزید ٹیکس لگایا جارہا ہے۔ ایسے کب تک چلے گا۔ تاجروں پر 11 قسم کے مزید ٹیکس لگائے گئے ہیں، اس طرح تو تاجر بھاگ جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ڈرائیور کا بجلی کا بل 16 ہزار آیا ہے۔ اس وقت عام لوگوں سمیت دکاندار بھی بجلی کا بل دینے سے قاصر ہیں۔ کوئی شعبہ ایسا نہیں جس پر بجلی کے بل کا اثر نہ پڑا ہو۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کمیٹیاں بنانے کی بجائے فوری فیصلے کرے اور عوام کو ریلیف دے۔ جو لوگ پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان سے مزید ٹیکس کیوں لیا جارہا ہے۔
انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ 6 ماہ کے لیے سیاسی سرگرمیاں معطل کرکے سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ عمران خان اپنے لیے تو فنڈ مانگ لیتے ہیں لیکن سیلاب متاثرین کے لیے اپیل نہیں کرسکتے۔