وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی اجلاس کا شیڈول جاری
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نےلاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق اسمبلی شیڈول جاری کردیا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس یکم جولائی کو شام 4 بجے شروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اسٹاف اور اراکین کے مہمانوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے،گیلریز میں کوئی مہمان نہیں آسکےگا، صرف میڈیا گیلری میں صحافی موجود ہوں گے۔
خیال رہےکہ لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہےکہ منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کی جائے جب کہ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے فیصلےکےکچھ نکات سے اختلاف کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ گورنرپنجاب کل یکم جولائی کو اسمبلی اجلاس بلائیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس الیکشن ہونے تک ملتوی نہیں کیا جائےگا، الیکشن مکمل ہونے کے بعد نئے وزیراعلی کا حلف 2 جولائی دن 11 بجے یقینی بنایا جائے، الیکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد نئے منتخب وزیراعلی کا حلف اگلے روز 11 بجے یقینی بنایا جائے۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نےکہا ہےکہ ہم اسمبلی کے مختلف اجلاسوں میں بدنظمی کو نظر انداز نہیں کرسکتے، اگر اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی یا بدنظمی ہوئی تو اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔