پاکستان واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہوں، آئندہ ماہ وطن جا رہا ہوں، اسحاق ڈار

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہوں، آئندہ ماہ وطن جا رہا ہوں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز آئندہ چند روز میں میرے علاج کے مکمل ہونے کے بارے میں پرامید ہیں، پاکستان واپسی پر بطور سینیٹر حلف اٹھاؤں گا۔

2017 سے لندن میں مقیم سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھ  پر پاکستان میں ایک ہی کیس ہے جو عمران نیازی کی جانب سے دائر کیا جانے والا جعلی مقدمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ  پر جو جعلی کیس بنایا گیا اس کی کوئی بنیاد نہیں، یہ میرے ٹیکس ریٹرن پر بنایا گیا، میں ایسا شخص ہوں جو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی حکومت کی جانب سے جب انھیں پاکستان لانے کے لیے انٹر پول سے رابطہ کیا گیا تو جو دستاویزات انٹرپول کو دی گئیں ان میں کوئی جان ہی نہیں تھی، اسی لیے انٹر پول نے انھیں (اسحاق ڈار) کلین چٹ دی۔

پاکستان واپسی پر موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں میں ان کے ممکنہ کردار اور وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان واپسی پر بطور سینیٹر حلف اٹھاؤں گا، وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کا فیصلہ میرا نہیں ہو گا بلکہ پارٹی اور قیادت کا فیصلہ ہو گا کہ کس شخص کو کیا ذمہ داری دینی ہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں