حقوق کیلئے پر امن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، عمران خان
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے حقوق کیلئے باہرنکلنا جہاد ہے، پرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، جدوجہد ہماری بہتری کیلئے ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف منعقدہ ملک گیر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہرچیزکی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، ہمارے دور میں پیٹرول 12 روپے بڑھا تو انہوں نے لانگ مارچ کیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ہی پیٹرول کی قیمت میں 84 روپے اضافہ کردیا، ڈیزل کی قیمت میں 120 روپے اضافہ کیا گیا، ڈیزل مہنگا ہونے سے کسانوں کو بہت نقصان ہورہا ہے، ہم نےپیٹرول کی قیمت 10 روپے بڑھانے کی بجائے کم کر کے ریلیف دیا تھا۔
قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں لال حویلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر چور اور ڈاکو مسلط کیے گئے ہیں اور چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں، لوٹوں کی اسمبلی پر لعنت بھیجتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران سب عمران خان کے لیے باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر آج بارش سے ڈر گئے تو کل شیلنگ کا مقابلہ کیسے کریں گے؟
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ یہ اپنےنیب کیسزختم کرنے کیلئے اقتدارمیں آئے ہیں، ان کے کیسز سے منسلک ڈاکٹر رضوان اور مقصود چپراسی کا انتقال ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان شب دس بجے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکا سے خطاب کریں گے۔
اس وقت پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایف نائن پارک اور راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ کراچی میں شاہراہ قائدین پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام لاہو رمیں لبرٹی چوک، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک، ملتان میں چوک شاہ عباس اور پشاور میں ہشت نگری میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام گوجرانوالہ، کوئٹہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، صادق آباد، دادو، سکھر، سیالکوٹ، جیکب آباد، باجوڑ،سوات ،دیر،ہنزہ اوربونیرمیں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک کارکنان موجودہ حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں جب کہ مظاہرین سے مقامی قائدین کے خطاب کا سلسلہ بھی جاری ہے۔