کرغزستان کے صدر کا تاریخی پہلا دورہ پاکستان : نور خان ایئربیس پر شاندار سرکاری استقبال!
یوتھ ویژن نیوز : (ثاقب ابراہیم سے) کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، صدر اور وزیراعظم نے نور خان ایئربیس پر شاندار استقبال کیا، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے کیلئے اسلام آباد پہنچے، جہاں نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔
صدر ژپاروف طیارے سے اترے تو صدر آصف علی زرداری نے انہیں بغلگیر ہو کر خوش آمدید کہا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے اور دونوں ممالک کے پرچم تھامے ہوئے بچوں نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کیا۔ صدر کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
دورے کے دوران کرغزستان کے صدر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعاون، تجارت اور علاقائی روابط پر گفتگو متوقع ہے۔ وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ صدر کے ہمراہ اعلیٰ سرکاری شخصیات اور کاروباری وفد بھی پاکستان آیا ہے۔