کاروبار بند ہونے کے باوجود لوگ نہیں نکلے عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے ۔ رانا ثنا اللہ
اسلام آباد:(قاری عاشق حسین سے ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے، رات 9 بجے کاروبار بند تھا تو لوگ کیوں نہیں آئے؟
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ ملک گیر احتجاج پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف کے احتجاج پر پوری نظرتھی، عمران خان نے قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف اپوزیشن کے خلاف جعلی مقدمات بنانا تھا۔
ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج پر اپنے ردعمل میں کہا کہ لوگوں کو سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر کے انقلاب خود بنی گالہ میں چھپا بیٹھا ہے، منافق اور چور میں بنی گالہ سے نکلنے کی ہمت نہیں، 25 مئی کو خونی مارچ کا اعلان کر کے خود ہیلی کاپٹر میں معلق رہے۔
انہوں ںے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں معلق انقلاب اب بنی گالہ میں دو جھنڈے لگا کر اسکرین پر بیٹھا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی مسلط کرنے والے انقلاب کی باہر نکلنے کی ہمت نہیں ہے۔
ن لیگی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ جانتے ہیں یہ سب آپ نے کیا؟اسی لئے آپ کا انقلاب ٹی وی اسکرین سے باہر نہیں آ رہا ہے، 25 مئی کا بھگوڑا اب ہوا میں معلق ہیلی کاپٹر اور ٹی وی اسکرین پر انقلاب لا سکتا ہے۔