ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہو گئی

پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں تباہی، این ڈی ایم اے کے مطابق ہلاکتیں 97 تک پہنچ گئیں

یوتھ ویژن نیوز : (محمد عباس سے) این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 11 افراد جاں بحق، پنجاب مون سون بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ قرار

اسلام آباد: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 97 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر حادثات کے باعث جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پنجاب مون سون بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب مون سون بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے، جہاں شدید بارشوں اور مکانات کی چھتیں گرنے کے متعدد واقعات میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران نشیبی علاقوں، کمزور عمارتوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، جبکہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں